بھٹکل:17؍مارچ(ایس اؤ نیوز) غیرقانونی طورپر چیتے کا چمڑا فروخت کرنےکی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ضلع کرائم برانچ دستہ کے پولس نے فوریسٹ محکمہ کے تعاون سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے اور چمڑہ سمیت بائک کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ واقعہ تعلقہ کے کٹگارکوپا کبرے بس اسٹانڈ کے قریب پیش آیا۔
ملزم کی شناخت کٹگارکوپا ،اتی بارد کے مکین بھئیرا راما گونڈا(39) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیاس ہے کہ اس معاملےمیں ایک ملزم فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملزم سے قریب 15لاکھ روپئے مالیت کا چیتےکا چمڑا سمیت ایک موبائیل بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزم چیتے کا چمڑا سپلائی کرنے چتراپور شرالی کی طرف روانہ جارہا تھاتو عین وقت پر مصدقہ خبر پر کارروائی کرتےہوئے ضلع کرائم برانچ پولس انسپکٹر رام چندرنایک ،ضلع ایس پی شیو پرکاش دیوراج اور بھٹکل اے سی ایف سدرشن کی رہنمائی میں پولس اور فوریسٹ افسران نے چھاپہ مار کر ملزم کو اپنی تحویل میں لیاہے۔
کارروائی میں کرائم برانچ کے سدرشن نائک، ناگراج نائک،امیش نائک، منجوناتھ ہیگڈے ، فوریسٹ عملہ پرمود بی ، مدھوکر نائک ، کاڈپا گول بھاوی وغیرہ شریک تھے۔
بے روزگار ی سے پریشان : بے روزگاری سے پریشان ملزمان نے اپنے گزارے کے لئے چیتے کے چمڑے کے دھندے میں ملوث ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پوچھ تاچھ سے پتہ چلا ہے کہ ضلع میں چیتے کے چمڑے فروخت کرنے والا ایک مضبوط جال ہے۔ گرفتار شدہ ملزم بھئیرا اسی جال کے رابطے میں رہنے کی بات کہی جارہی ہے۔ قیمتی چیتے کے چمڑوں کو دیگر ریاستوں کو سپلائی کرنےکے امکانات زیادہ ہیں۔ اس سلسلے میں فوریسٹ افسران جانچ کررہے ہیں۔
